قبائلی تاریخ

یوسفزئی قبائل کی اصل سرزمین—تاریخی حقائق کی تلاش

یوسفزئی قبائل کی قدیم آبادکاری، ہجرت اور تاریخی سرزمین کا جائزہ—بلوچستان کے پہاڑوں سے لے کر خیبر پختونخوا تک۔

مستند مآخذظفر اقبال خان · 9 September 2026 · 5 منٹ مطالعہ
یوسفزئی قبائل کی اصل سرزمین—تاریخی حقائق کی تلاش

بعض لوگ بلا مطالعہ، بغیر تحقیق اور محض ذاتی مفروضوں کی بنیاد پر بلوچستان میں آباد اقوام کی تاریخ پر بحث کرتے ہیں، جس سے نہ صرف تاریخی حقائق دھندلا جاتے ہیں بلکہ مختلف اقوام کے درمیان غلط فہمیاں اور نفرتیں بھی جنم لیتی ہیں۔

حال ہی میں میری نظر ایک یوسفزئی صاحب کی تحریر سے گزری، جس میں انہوں نے اپنے بزرگوں کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ان کا خاندان گزشتہ 110 سال سے کوئٹہ میں آباد ہے۔ یہ پڑھ کر مجھے افسوس ہوا، کیونکہ کسی خاندان کی دستیاب یادداشت یا دستاویزی تاریخ کو پوری قوم کی تاریخی موجودگی کا نقطۂ آغاز قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ممکن ہے کہ متعلقہ خاندان کی کوئٹہ میں باقاعدہ آبادکاری 110 سال پرانی ہو، لیکن اس بنیاد پر یوسفزئی قبائل کے بلوچستان سے قدیم تاریخی تعلق کی نفی کرنا درست نہیں۔

جہاں تک یوسفزئی قبائل کی اصل سرزمین کا تعلق ہے، میری زیرِ تحقیق رائے یہ ہے کہ ان کی قدیم جغرافیائی موجودگی کو صرف موجودہ خیبر پختونخوا یا افغانستان کے چند علاقوں تک محدود کرنا درست نہیں۔ مستونگ، پنجپائی اور نوشکی کے پہاڑی سلسلوں سے لے کر افغانستان کی سرحد اور اس کے پار بعض علاقوں تک یوسفزئی قبائل کی قدیم آبادکاری اور نقل مکانی کے آثار کا تحقیقی جائزہ لیا جانا چاہیے۔

وقت گزرنے کے ساتھ جنگوں، قبائلی تنازعات، سیاسی حالات، معاشی ضروریات اور دوسری وجوہ کی بنا پر یوسفزئی قبائل مختلف علاقوں میں منتقل ہوئے۔ آج ان کی نمایاں آبادیاں افغانستان کے صوبہ کنڑ کے علاوہ پاکستان میں باجوڑ، پشاور، سوات، مانسہرہ، تھاکوٹ، تورغر، بٹل، شنکیاری، بفہ، کوئٹہ اور مستونگ سمیت متعدد مقامات پر موجود ہیں۔ تاہم موجودہ آبادکاری اور اصل تاریخی سرزمین کے درمیان فرق کو تحقیق کے دوران ملحوظ رکھنا ضروری ہے۔

اسی طرح کوئٹہ اور اس کے گردونواح کی تاریخ بھی مختلف پشتون قبائل کی ملکیت، آبادکاری اور سیاسی اثرات سے عبارت ہے۔ کوئٹہ شہر اور بعض نواحی علاقوں میں کاسی قبیلے کی تاریخی موجودگی اور ملکیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ نوحصار اور اس کے اطراف، بلیلی تک بازئی قبیلے کے تاریخی تعلق اور زمین کی ملکیت کے دعوے بھی تحقیق کا اہم موضوع ہیں۔ کچلاک میں کاکڑ اور چمن و ملحقہ علاقوں میں اچکزئی قبیلے کی قدیم اور نمایاں آبادکاری ایک مسلمہ سماجی حقیقت ہے۔

پختونوں کی تاریخ ہزاروں برس کے تہذیبی سفر سے وابستہ ہونے کا دعویٰ رکھتی ہے؛ تاہم پانچ ہزار سال یا کسی مخصوص زمانے کے تعین سمیت ہر تاریخی دعوے کو معتبر حوالوں، قدیم دستاویزات، آثارِ قدیمہ اور علمی تحقیق سے ثابت کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ میرا مقصد کسی قبیلے کی نفی، کسی قوم کی تحقیر یا کسی کی دل آزاری نہیں، بلکہ پختون اقوام کو ان کی درست تاریخ، حقیقی شناخت اور جامع شجرۂ نسب سے آگاہ کرنا ہے۔

مآخذ

  1. 1.Zafar Iqbal Khan